پنجاب میں پیدائش، اموات، شادی اور طلاق کے آن لائن اندراج کیلئے ایپ لانچ

لاہور میں محکمہ بلدیات پنجاب نے نادرا کے تعاون سے شہریوں کے لیے ایک نئی کسٹمر ریلیشن شپ مینجمنٹ ایپ لانچ کر دی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے شہری اب گھر بیٹھے پیدائش، اموات، شادی اور طلاق کا اندراج آن لائن کر سکیں گے۔
افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ای رجسٹریشن ایپ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہولت شہریوں کو وقت اور محنت بچانے کے ساتھ ساتھ جدید انداز میں اندراج کی سہولت فراہم کرے گی۔ ایپ براہِ راست نادرا کے ڈیٹا سسٹم سے منسلک ہے، جس کے باعث اندراج خودکار طریقے سے وہاں بھی محفوظ ہو جائے گا۔
وزیر بلدیات نے مزید بتایا کہ محکمہ بلدیات اور نادرا کے درمیان اس منصوبے کے لیے باقاعدہ معاہدہ کیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت شادی، پیدائش، اموات اور طلاق کے ریکارڈ کو درست اور مکمل شکل میں جمع کیا جا سکے گا۔
ای رجسٹریشن سسٹم پنجاب بھر میں یونین کونسل کی سطح تک فعال ہوگا، جس سے شہریوں کو سہولت کے ساتھ ساتھ حکومت کو درست اعداد و شمار بھی حاصل ہوں گے۔
