سسرالیوں نے جہیز میں موٹرسائیکل نہ دینے پر دلہن کو گھر سے نکال دیا

سسرال آتے ہی طعنے سہنے پڑے
بھارت کی ریاست اتر پردیش میں ایک نئی شادی شدہ دلہن کو صرف ایک دن بعد ہی سسرال والوں نے گھر سے نکال دیا کیونکہ وہ ان کے اضافی جہیز کے مطالبات پورے نہیں کر سکی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، شادی 29 نومبر کو ہوئی تھی اور اگلے دن جب دلہن اپنے شوہر کے ساتھ سسرال پہنچی تو استقبال کی بجائے اسے مطالبات اور طعنوں کا سامنا کرنا پڑا۔
سسرالیوں نے دلہن پر دباؤ ڈالا کہ وہ اپنے شوہر کے لیے موٹر سائیکل یا دو لاکھ روپے لائے۔ دلہن کے انکار پر انہوں نے نہ صرف زیورات اور شادی کے موقع پر ملنے والی نقد رقم چھین لی بلکہ اسے مار پیٹ کے بعد گھر سے نکال دیا۔
دلہن کے والدین نے بتایا کہ انہوں نے شادی کے لیے لاکھوں روپے خرچ کیے اور جہیز میں صوفہ سیٹ، بیڈ، ڈریسنگ ٹیبل، ٹی وی، واشنگ مشین، واٹر کولر، برتنوں کے متعدد سیٹ اور دیگر گھریلو سامان بھی دیا تھا۔ والدین کا کہنا ہے کہ اگر سسرالی پہلے سے موٹر سائیکل کا مطالبہ کرتے تو وہ یہ رشتہ ہی قبول نہ کرتے۔
دلہن کے والدین نے نہ صرف پولیس میں شکایت درج کروائی ہے بلکہ شادی پر کیے گئے اخراجات کی واپسی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
