برج خلیفہ پر آسمانی بجلی گرنے کا نایاب منظر، ویڈیو وائرل ہوگئی

دبئی: متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے دوران دبئی میں ایک غیر معمولی اور حیران کن منظر دیکھنے میں آیا، جب دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر آسمانی بجلی گری، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
بجلی گرنے کی ویڈیو دبئی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کے وزیرِ دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی۔
ویڈیو میں برج خلیفہ کو گھنے بادلوں سے گھرے سبز مائل آسمان کے پس منظر میں دیکھا جا سکتا ہے، جہاں آسمانی بجلی عمارت کی بلند ترین منزل سے ٹکراتی ہوئی نظر آتی ہے۔
نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق جمعرات 18 دسمبر کو متحدہ عرب امارات میں ’البشائر‘ نامی موسمی نظام کے تحت کم دباؤ کا آغاز ہوا، جس کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشیں ہوئیں۔ شارجہ اور راس الخیمہ کے کئی علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرۂ احمر سے آنے والے سطحی کم دباؤ کے پھیلاؤ کے باعث ملک اس وقت غیر مستحکم موسمی صورتحال کی زد میں ہے، جس کے نتیجے میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کا امکان موجود ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری موسمی انتباہات پر نظر رکھیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
