بنگلہ دیش نے پاکستان کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا

پروازیں ہفتے میں تین دن چلائی جائیں گی
اسلام آبا: پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے تصدیق کی ہے کہ بنگلہ دیش کی قومی ایئرلائن بِمان بنگلہ دیش جلد کراچی کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کرے گی۔ یہ پروازیں ہفتے میں تین دن چلائی جائیں گی۔
ہائی کمشنر نے یہ اعلان فارن سروسز اکیڈمی اسلام آباد میں ایک لیکچر کے دوران کیا، جہاں نوجوان پاکستانی سفارتکاروں کو غیر ملکی سفیروں سے براہِ راست بات چیت کا موقع دیا جا رہا ہے۔
اقبال حسین خان نے بتایا کہ یہ پروازیں بھارتی فضائی حدود استعمال کریں گی، جیسا کہ بھارتی طیارے بنگلہ دیش کی فضائی حدود استعمال کرتے ہیں۔
تاہم ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان پر فضائی پابندیوں کے باعث فی الحال پاکستانی ایئرلائنز ڈھاکا کے لیے پروازیں نہیں چلا سکیں گی۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، لیکن رسائی کی کمی اور سرحدی پابندیاں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں ریلوے کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت ہوتی تھی، مگر آج پاکستان کے کھجور دبئی کے راستے خطے کی منڈیوں تک پہنچتے ہیں۔ براہِ راست رسائی سے کسانوں کی آمدنی اور منافع میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کشمیر کی صدیوں پرانی پشمینہ صنعت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر روایتی شعبوں کو براہِ راست منڈیاں مل جائیں تو تجارتی حجم کئی گنا بڑھ سکتا ہے۔
اقبال حسین خان نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں ترقی کی سب سے بڑی رکاوٹ جغرافیائی روابط کی کمزوری ہے، حالانکہ قدیم دور میں کابل، پشاور، ڈھاکا اور میانمار تجارتی راستوں سے جڑے ہوئے تھے۔ انہوں نے زور دیا کہ کوئی ملک تنہا ترقی نہیں کر سکتا، اور علاقائی تعاون ہی واحد راستہ ہے۔
