مڈل ایسٹ کا سب سے مہنگا پینٹ ہاؤس فروخت، قیمت جان کر دنگ رہ جائیں گے

چمکتی روشنیوں اور بلند و بالا عمارتوں کے شہر دبئی میں ایک اور ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ بزنس بے کے دل میں واقع ایک شاندار پینٹ ہاؤس نے مشرقِ وسطیٰ کی تاریخ کا سب سے مہنگا سودا کر کے دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔
یہ پینٹ ہاؤس تقریباً 3.1 ارب پاکستانی روپے میں فروخت ہوا ہے، جو دبئی کی لگژری مارکیٹ میں ایک نیا سنگِ میل ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ پینٹ ہاؤس 47 ہزار 200 اسکوائر فٹ پر محیط ہے اور اسے 11 ہزار 650 درہم فی مربع فٹ کی قیمت پر بیچا گیا، جو بزنس بے میں اب تک کی سب سے زیادہ فی مربع فٹ قیمت ہے۔
اس پروجیکٹ میں مجموعی طور پر 60 فلورز اور 171 اپارٹمنٹس شامل ہیں، جنہیں جدید سہولیات اور عالمی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پروجیکٹ میں عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز، بشمول نیمار جونیئر، بھی اپارٹمنٹس خرید چکے ہیں، جس سے اس کی اہمیت اور کشش مزید بڑھ گئی ہے۔
دبئی کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں یہ سودا نہ صرف سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے بلکہ شہر کی عالمی حیثیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
اس سے قبل دبئی کے پام جمیرہ میں سب سے مہنگا پینٹ ہاؤس فروخت ہوا تھا، جس کی تعمیر 2027 کی سہ ماہی میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ تاہم بزنس بے کا یہ نیا سودا قیمت اور معیار کے اعتبار سے اس ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ گیا ہے۔
یہ کامیاب فروخت دبئی کو ایک بار پھر دنیا کے سب سے پرکشش اور مہنگے رہائشی مراکز میں شامل کرتی ہے، جہاں لگژری اور جدیدیت کا امتزاج سرمایہ کاروں اور خریداروں کو مسلسل اپنی طرف کھینچ رہا ہے۔
