پنجاب اور خیبر پختونخوا میں شدید دھند کا راج، موٹرویز ٹریفک کے لیے بند

دونوں صوبوں میں معمولاتِ زندگی متاثر
پاکستان میں اس وقت موسمِ سرما جاری ہے اور اس دوران دھند نے بھی ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید دھند نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے ہیں، جبکہ حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث موٹرویز کے کئی حصے ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔
موٹروے حکام کا کہنا ہے کہ ایم-2 لاہور سے کوٹ سرور تک ٹریفک کے لیے بند ہے، جبکہ دھند کے پیشِ نظر ایم-3 رجانہ سے درخانہ، ایم-4 فیصل آباد سے ملتان تک، اور ایم-5 ملتان شیر شاہ انٹرچینج سے ظاہر پیر تک موٹروے کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں بھی دھند کے باعث صورتحال متاثر ہے، جہاں ایم-1 پشاور سے رشکئی تک ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے وسطی اضلاع میں فضائی آلودگی کی شرح بدستور شدید ہے۔ عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق جمعرات کی صبح 9 بجے فیصل آباد میں فضائی آلودگی (PM2.5) 814، گوجرانوالہ میں 404، ملتان میں 261 اور لاہور میں 218 ریکارڈ کی گئی، جو صحت کے لیے انتہائی مضر سطحیں ہیں۔
حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، ماسک کے استعمال اور بصارت کم ہونے کی صورت میں احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔
