پی ایس ایل 11: نئی ٹیموں کے لیے بنیادی قیمت کتنی مقرر کی گئی؟

لاہور: پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں سیزن میں باقی دو ٹیموں کو شامل کرنے کے لیے نیلامی 8 جنوری 2026 کو اسلام آباد کنوینشن سینٹر میں کرائی جائے گی۔
نئی فرنچائز کے لیے بیس پرائس 40 لاکھ ڈالرز مقرر کی گئی ہے، جبکہ بولی میں اضافے کا امکان بھی موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق بولی میں حصہ لینے والے امیدواروں کو 2 لاکھ ڈالرز سکیورٹی ڈپازٹ جمع کرانا ہوگا اور جو بولی میں کامیاب نہ ہو، اسے 20 ہزار ڈالرز فیس کے طور پر ادا کرنا ہوگی جبکہ باقی 1 لاکھ 80 ہزار ڈالرز واپس کر دیے جائیں گے۔
پی سی بی کی بڈ کمیٹی تمام تکنیکی معاملات کا جائزہ لے گی اور کوالیفائیڈ بڈرز کو نیلامی میں شامل ہونے کے لیے مدعو کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق جو مالک دس سالہ حقوق کے لیے فرنچائز خریدے گا وہ پہلے تین سال اسے فروخت نہیں کر سکے گا۔ تاہم، تین سال بعد یعنی 2029 میں وہ اپنی مرضی سے مالکانہ حقوق سے دستبردار ہو سکتا ہے۔
پی سی بی کے ٹینڈر دستاویز کے مطابق تمام آٹھ ٹیمیں 2026 سے 2030 تک پانچ سال کے لیے سینٹرل پول سے ہر سال 30 لاکھ ڈالرز حاصل کریں گی، تاہم دستاویز میں بقیہ پانچ سال کا ذکر نہیں کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علی ترین اور پی سی بی کے تنازع کی وجہ سے ملتان سلطانز کے موجودہ مالک نے فرنچائز چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا معاہدہ 31 دسمبر 2025 کو ختم ہو جائے گا۔ پی سی بی اس حوالے سے غور کر رہا ہے کہ آئندہ سال ملتان سلطانز کے معاملات پی سی بی خود چلائے، تاہم اس پر حتمی فیصلہ انتظامیہ کرے گی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 کا میلہ 26 مارچ 2026 سے 3 مئی 2026 تک مختلف شہروں میں سجے گا، جو اسی تاریخ سے بھارتی لیگ آئی پی ایل کے آغاز کے ساتھ ہم آہنگ ہوگا۔
