روس میں بم دھماکا، سینئر فوجی جنرل ہلاک

ماسکو: روس کے دارالحکومت ماسکو میں ہونے والے ایک دھماکے کے نتیجے میں روسی فوج کے ایک اعلیٰ عہدیدار ہلاک ہو گئے ہیں۔
روسی حکام کے مطابق پیر کی صبح ایک کار کے نیچے نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے لیفٹیننٹ جنرل فانیل سروروف جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
روس کی انویسٹیگیٹو کمیٹی نے تصدیق کی ہے کہ جنرل فانیل سروروف مسلح افواج کے محکمہ آپریشنل ٹریننگ کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
واقعے کے فوراً بعد تفتیشی ٹیموں کو جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا جو ماسکو کے جنوبی علاقے میں واقع ہے۔
کمیٹی کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران اس پہلو کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا اس حملے میں یوکرینی خفیہ اداروں کا کوئی کردار تو نہیں، تاہم اس حوالے سے یوکرین کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا ایک رہائشی عمارت کے قریب واقع کار پارکنگ میں ہوا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔
