برسلز میں زرعی پالیسی کے خلاف کسانوں کا احتجاج، جلاؤ گھیراؤ، پولیس پر پتھراؤ

متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا
بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں یورپی یونین کی زرعی پالیسیوں کے خلاف کسانوں نے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا، جس کے باعث شہر کی اہم شاہراہیں مفلوج ہو کر رہ گئیں۔
مظاہرین سینکڑوں ٹریکٹرز کے ساتھ سڑکوں پر نکل آئے، جس سے ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی، احتجاج کے دوران بعض مقامات پر جلاؤ گھیراؤ بھی کیا گیا جبکہ پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، کسانوں نے احتجاج کے دوران پولیس پر آلو، انڈے اور پتھر پھینکے۔
صورتحال قابو سے باہر ہونے پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور پانی کی توپوں کا استعمال کیا، جبکہ متعدد مظاہرین کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔
کسانوں کا کہنا ہے کہ وہ یورپی یونین اور جنوبی امریکی ممالک کے درمیان ہونے والے تجارتی معاہدے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ ان کے مطابق ان معاہدوں کے نتیجے میں کم قیمت غیر ملکی زرعی مصنوعات یورپی منڈیوں میں دستیاب ہوں گی، جس سے مقامی کسانوں کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑے گا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ یورپی یونین اپنی زرعی پالیسیوں پر نظرثانی کرے اور مقامی کسانوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنائے۔
