نیشنل
این ایف سی، 18ویں ترمیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔۔! پیپلزپارٹی ڈٹ گئی
EditorStaff Reporter
Nov 28, 2025 · 1:39 PM

سندھ اسمبلی میں قرارداد منظور
کراچی: سندھ اسمبلی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے 58 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 1973 کے بحال شدہ آئین، 18 ویں ترمیم، صوبائی خودمختاری اور این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کے حصے پر کسی بھی قسم کے سمجھوتے سے انکار کرتے ہوئے سندھ کی وحدت، سالمیت اور حقوق کے تحفظ کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
قرارداد پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے پیش کی، جسے ایوان نے اتفاق رائے سے منظور کیا۔ اس موقع پر نثار کھوڑو نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک میں پارٹی سسٹم متعارف کرایا، عوام کو “ون مین ون ووٹ” کے ذریعے حقیقی طاقت کا اختیار دیا اور غریب و مڈل کلاس کو مضبوط کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج بھی پارٹی کے منشور پر کاربند ہیں اور سندھ کو علیحدہ کرنے کی کسی بھی منفی سوچ کو مسترد کیا جائے گا۔
قرارداد میں زور دیا گیا ہے کہ اٹھارویں ترمیم، صوبائی خودمختاری، اور این ایف سی ایوارڈ کے تحت سندھ کے عوام کے حقوق، وقار اور اتحاد کی بنیادی ضمانت ہیں، اور ایوان سندھ کی وحدت، سالمیت اور تاریخی حقوق کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش یا سازش کو ناکام بنانے کا پابند ہے۔
ایوان نے اجلاس پیر کی دوپہر تک ملتوی کردیا۔
ریمارک نیوز کی اپ ڈیٹس واٹس ایپ پر حاصل کریںچینل فالو کرنے کے لیے کلک کریں
ADVERTISEMENT
