نیشنل
ہم نے بیانیے پر نہیں کارکردگی پر ضمنی الیکشن جیتا: مریم نواز
EditorStaff Reporter
Nov 24, 2025 · 4:04 PM

’پی ٹی آئی نے قیدی نمبر804 کے نام پر الیکشن لڑا‘
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے مسلم لیگ ن نے بیانیے پر نہیں کارکردگی پر ضمنی الیکشن جیتا، آج نہ فیض حمید ہے اور نہ وہ ججز جو پی ٹی آئی کو جتواتے تھے۔
صوبائی وزرا اور سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا یہ الیکشن نہیں ریفرنڈم تھا، ضمنی الیکشن میں کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں، مسلم لیگ ن نے 2024 کے الیکشن میں ہاری ہوئی اپنی نشستیں دوبارہ جیت لیں، ضمنی الیکشن میں ن لیگ کو تاریخی کامیابی ملی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عوام نے مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ کیا، الیکشن بیانیوں سے نہیں کارکردگی کے بل بوتے پر جیتا جاتا ہے، عوام نے مسلم لیگ ن کی کارکردگی پر اعتماد کر کے ووٹ دیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک کو 2017 کے ضمنی الیکشن میں لانچ کیا گیا، گلگت بلتستان میں کامیاب جلسے کیے لیکن ہم سے سیٹیں چھینی گئیں، سب کو پتا ہے کہ دھاندلی کب اور کس کے لیےہوئی تھی، لیکن مسلم لیگ ن اپنے موقف پر قائم رہی، لوگ اب بیانیوں سے تنگ آ گئے ہیں، بیانیوں سے ملک ترقی نہیں کرتے، کارکردگی سے بہتر کوئی بیانیہ ہو ہی نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہری پور میں مسلم لیگ ن کی جیت کو سب نے دیکھا، بیانیے والوں کو کام کرنا نہیں آتا، صرف نوجوانوں کو گمراہ کیا جاتا ہے، پی ٹی آئی نے قیدی نمبر804 کے نام پر الیکشن لڑا لیکن شکست ہوئی، ضمنی الیکشن میں مقبولیت کے دعوے زمین بوس ہو گئے۔
مریم نواز نے کہا کہ 2018 میں ملک کو ڈی ریل کیا گیا، آج نہ فیض حمید ہے نا وہ ججز جو پی ٹی آئی کو الیکشن جتواتے تھے، فیض حمید کی پوری طاقت پی ٹی آئی کے ساتھ تھی، بائیکاٹ تب ہوتا ہے جب آپ کو ہار کا یقین ہو، میں نے اور نواز شریف نے جیل کاٹی مگر الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا۔
ریمارک نیوز کی اپ ڈیٹس واٹس ایپ پر حاصل کریںچینل فالو کرنے کے لیے کلک کریں
ADVERTISEMENT
