بھارت کیساتھ کشیدگی، نئی دہلی میں بنگلا دیشی قونصلر اور ویزا سروسز بند

بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان سفارتی کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، جس کے پیش نظر بنگلا دیش نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں اپنی قونصلر اور ویزا سروسز عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
بنگلا دیشی مشن کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور سروسز کی معطلی وقتی نوعیت کی ہے۔
بنگلا دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق دو روز قبل نئی دہلی میں بنگلا دیشی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس دوران بعض بھارتی مظاہرین نے ہائی کمشنر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں، جس پر سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت نے بھی ایک روز قبل چٹاگانگ میں واقع ویزا سینٹر بند کر دیا تھا، جسے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ان اقدامات سے دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات مزید دباؤ کا شکار ہو سکتے ہیں۔
