لاہور ریلوے میں کروڑوں کا غبن، بوگس بلنگ کا انکشاف

ذمہ داران کیخلاف کارروائی کی سفارش
لاہور ریلوے کی ویجلنس ڈپارٹمنٹ نے انکوائری رپورٹ میں بجلی کے بلوں کی مد میں کروڑوں روپے کی بوگس ادائیگیوں کا انکشاف کیا ہے۔
ریلوے ویجلنس کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ کے مطابق ریلوے کی تین رہائشی کالونیوں کا بجلی اور بلنگ کا نظام 2023 میں لیسکو کے سپرد کیا گیا تھا۔ لیسکو نے رہائشی کالونیوں میں میٹر نصب کیے اور انفرادی بنیاد پر بلنگ شروع کی، لیکن اس کے باوجود ریلوے کو اجتماعی بل بھی بھجوائے گئے، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 11 کروڑ روپے سے زائد کی بوگس بلنگ سامنے آئی۔
ویجلنس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ریلوے ورکشاپس ڈویژن کے الیکٹرک ڈیپارٹمنٹ نے بغیر کسی تحقیق کے یہ تمام ادائیگیاں لیسکو کو کر دیں، جس سے ریلوے کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
رپورٹ چیف ایگزیکٹو ریلوے کو ارسال کیا کی گئی، جس میں غفلت اور لاپرواہی کا ذمہ دار ڈویژنل الیکٹریکل انجینئر ورکس، ایس ای ای ورکشاپس اور متعلقہ وائرمین کو قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں ان افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے، جبکہ یہ اہلکار سات سال سے ایک ہی سیٹ پر تعینات ہیں۔
ریلوے ویجلنس نے اپنی رپورٹ میں اس بات پر زور دیا ہے کہ ادارے میں روٹیشن پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ مستقبل میں اس طرح کی بے ضابطگیوں سے بچا جا سکے۔
