وزیر اعلیٰ کے پی پاکستان کا یورپ دیکھنے لاہور آئے ہیں: عظمیٰ بخاری

لاہور میں کسی کو انتشار کی اجازت نہیں ہوگی
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی پاکستان کا یورپ دیکھنے لاہور آئے ہیں، انہیں یہاں سیاسی یا معلوماتی تفریح کی مکمل اجازت ہوگی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے سہیل آفریدی کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ جیسے پچھلی بار علی امین گنڈاپور کو لاہور کی روشنیاں دکھائی گئی تھیں، اسی طرح آفریدی صاحب بھی لاہور کی بتیاں دیکھیں، کھانے کا لطف اٹھائیں اور یادگار تصویریں بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو کچھ سہیل آفریدی پنجاب میں دیکھیں، اسے واپس جا کر خیبر پختونخوا میں نافذ کریں کیونکہ ان کی کابینہ کے مطابق پشاور کی حالت بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ لاہور میں کسی کو بد زبانی، فساد یا انتشار کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ ہی سیاسی سرگرمیوں کی آڑ میں اسلحہ یا منشیات لانے دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جب گنڈاپور پنجاب آئے تھے تو انہیں ہر
سہولت فراہم کی گئی تھی۔
وزیر اطلاعات نے یہ بھی بتایا کہ لاہور پولیس نے آج وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے اسٹاف سے خود رابطہ کیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مہمانوں کی اچھی میزبانی کرے گی، مگر مہمانوں کو بھی مہمان بن کر رہنا ہوگا۔
