خلا سے خانہ کعبہ جگمگاتا نظر آیا،تصویر وائرل

روشنی کا ہیرا
ناسا کے سائنسدان اور فوٹوگرافر ڈونلڈ پیٹٹ نے خلا سے لی گئی ایک تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر کی ہے جس نے دنیا بھر میں توجہ حاصل کر لی۔ یہ تصویر سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ کی ہے جس میں اسلام کی مقدس ترین عمارت خانہِ کعبہ روشنی کے ایک ہیرے کی مانند نمایاں دکھائی دے رہی ہے۔
پیٹٹ، جو انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (ISS) پر اپنے 220 روزہ مشن سے حال ہی میں واپس آئے ہیں، نے بتایا کہ یہ منظر انہوں نے اسٹیشن کے مشاہداتی حصے کپولا ونڈو سے ہائی ریزولوشن کیمرے کے ذریعے قید کیا۔ ان کے مطابق زمین پر موجود کچھ قدرتی مناظر اور عظیم انسانی تعمیرات جیسے اہرام مصر اور چین کی عظیم دیوار خلا سے واضح نظر آتی ہیں، لیکن خانہِ کعبہ کا منظر اپنی روحانی اور بصری اہمیت کے باعث منفرد ہے۔
تصویر کے منظر میں مسجد الحرام کے اردگرد کی روشنیاں اور خانہِ کعبہ کا مرکز میں جگمگاتا ہوا منظر دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک جذباتی لمحہ ثابت ہوا۔ لاکھوں افراد نے اسے سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اسے "روشنی کا ہیرے" قرار دیا۔
