شراب کے پیسے نہ ملے تو بیٹے نے ماں کو آگ لگا دی

دل دہلا دینے والا واقعہ
بھارتی ریاست اوڑیسہ کے ضلع بھدرک میں انسانی رشتوں کو شرمندہ کر دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شرابی بیٹے نے اپنی بزرگ والدہ پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ 65 سالہ جیوتسنارانی نائیک خوفناک حد تک جھلس گئیں اور تشویشناک حالت میں اسپتال داخل ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم 45 سالہ دیباشش نائیک عرصے سے نشے کا عادی تھا۔ ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا کہ اس نے اپنی ماں سے شراب لانے کے لیے پیسے مانگے، اور انکار پر طیش میں آکر پہلے انہیں مارا پیٹا اور پھر زمین پر گرتے ہی پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
پڑوسیوں کے مطابق ماں اور بیٹے کے درمیان جھگڑے معمول کی بات تھے، لیکن کسی نے تصور بھی نہیں کیا تھا کہ وہ اپنی ہی ماں کو زندہ جلانے کی کوشش کرے گا۔
خاتون کی چیخ و پکار سن کر اہلِ محلہ جمع ہوئے تو ملزم موقع سے فرار ہوگیا، تاہم کچھ دیر بعد پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔ زخمی خاتون کو پہلے بھدرک ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال لے جایا گیا، جہاں حالت بگڑنے پر انہیں کٹک کے ایس سی بی میڈیکل کالج اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے واقعے کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دیا ہے۔
