مظفر گڑھ: نجی اسکول کے مالک اور پرنسپال کی ہوس کا شکار ’طالبہ‘ حاملہ ہوگئی

مقدمہ درج، تاحال کوئی گرفتار نہیں ہوا
مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں ایک نجی اسکول کی طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کا رونگٹے کھڑے کردینے والا اقعہ سامنے آیا ہے، جس نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔
معصوم بچی نے پولیس کو بتایا کہ اسکول کے پرنسپل نے تین ماہ قبل اسے اپنی ہوس کا نشانہ بنایا، جبکہ ادارے کے مالک راشد بھی مختلف اوقات میں اسے زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔
دل دہلا دینے والی حقیقت یہ ہے کہ تعلیم جیسے مقدس پیشے سے وابستہ وحشی درندوں کے ہاتھوں ہوس کا شکار ہونے والی متاثرہ طالبہ اس وقت تین ماہ کی حاملہ ہے۔
طالبہ کے بیان کے بعد پولیس نے اسکول کے مالک، پرنسپل اور دیگر دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور ان کے فوری تعاقب کی کارروائی جاری ہے۔
اس واقعے نے عوام میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے، لوگ انصاف کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔
اس واقعے نے نہ صرف ایک معصوم طالبہ کی زندگی برباد کردی بلکہ معاشرے کے ضمیر کو بھی جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ کیونکہ تعلیم دینے والے ادارے جو بچوں کے مستقبل کے محافظ سمجھے جاتے ہیں، جب ظلم کی آماجگاہ بن جائیں تو یہ پورے نظام پر سوالیہ نشان ہے۔
اس سے قبل نومبر 2025میں تحصیل علی پور ہی میں نجی اسکول کے مالک نے خواتین ٹیچرز کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا تھا یہ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد متعلقہ اسکول کو سیل کر دیا گیا تھا۔
