مریم نواز کے بیٹے جنید کی دوسری شادی کی تیاریاں، تاریخ سامنے آگئی

جنید صفدر کی دلہن کون؟
پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی دوسری شادی کی تیاریاں عروج پر ہیں اور ان کی شادی اگلے ماہ یعنی جنوری میں ہونا قرار پائی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی کے سابق رکن شیخ روحیل اصغر نے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران تصدیق کی ہے کہ جنید صفدر کی شادی ان کی پوتی شانزے سے طے ہوئی ہے۔
روحیل اصغر نے رشتے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ میری پوتی شانزے مریم کی چھوٹی بیٹی ماہ نور کی بہترین دوست ہے، دونوں کا ایک دوسرے کے گھر آنا جانا بھی بہت ہے، تو وہیں سے ان لوگوں نے میری پوتی کو پسند کیا۔
روحیل اصغر نے کہا کہ ایک دن مریم وغیرہ کا میرے بیٹے کو پیغام آیا کہ ہم آپ کی طرف آنا چاہ رہے ہیں، پھر وہ لوگ آئے، اس کے بعد ہم گئے اور یوں رشتہ پکا ہوگیا۔
انہوں نے کہا دو تین ماہ پہلے یہ سب ہوا اور شادی کی تاریخ طے ہوئی۔
شادی کی تاریخوں کے حوالے سے روحیل اصغر نے بتایا کہ جنوری کی 17،16 اور 18 کو شادی ہوگی اور کافی دھوم دھام سے ہوگی۔ روحیل اصغر نے کہا شادی پر صرف قریبی لوگوں کو ہی مدعو کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 2021 میں جنید صفدر کی عائشہ سیف سے شادی ہوئی تھی لیکن پھر اکتوبر 2023 میں جنید نے اہلیہ سے علیحدگی کی تصدیق کی تھی۔
