عمران خان سے ملاقات کیلئے کوئی بھیک نہیں مانگ رہے: سلمان اکرم راجہ

بیرسٹر گوہر کے بیان سے اظہارِ لاتعلقی
پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اسے پارٹی مؤقف کے منافی قرار دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ بیرسٹر گوہر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے بھیک مانگنے کی نوبت آ چکی ہے، جس میں اپنوں اور غیروں دونوں کا کردار شامل ہے۔
اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ پارٹی سطح پر اس بیان کی تردید کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر نے عجلت میں یہ بات کہہ دی، جبکہ پی ٹی آئی کسی بھی صورت بھیک نہیں مانگ رہی۔ ان کے مطابق “بھیک” کا لفظ نہ صرف غیر مناسب بلکہ پارٹی مؤقف کے بالکل برعکس ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ایسی کوئی غلطی نہیں ہوئی جس کی بنیاد پر بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی کو درست قرار دیا جا سکے۔
انہوں نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے کسی قسم کی بات چیت اسی وقت ممکن ہو گی جب بانی پی ٹی آئی پر عائد تمام ناجائز قدغنیں ختم کی جائیں گی۔
