رواں سال پیٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے 1468ارب روپے وصول کرنیکا تخمینہ

اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال میں حکومت عوام سے پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1468 ارب روپے وصول کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکومت نے ساڑھے پانچ ماہ کے دوران 650 ارب روپے سے زائد وصول کر لیے ہیں اور آئندہ سالوں میں یہ رقم بڑھانے کا منصوبہ موجود ہے۔
آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026-27 میں 1638 ارب روپے، 2027-28 میں 1787 ارب روپے، 2028-29 میں 1989 ارب روپے اور 2029-30 میں 2212 ارب روپے وصول کرنے کا تخمینہ ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی پیٹرولیم لیوی نہ صرف عوام پر مالی بوجھ میں اضافہ کرے گی بلکہ بجلی، گیس اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی اثر ڈال سکتی ہے۔
حکومت کی پالیسی کے مطابق ہر سال پیٹرولیم لیوی کی وصولی میں اضافہ کیا جائے گا، جس سے عوام کو مہنگائی کے دباؤ کا سامنا مزید بڑھ سکتا ہے۔
