انٹرنیشنل
ہانگ کانگ میں لگی آگ نے تباہی پھیر دی، ہلاکتوں کی تعداد 94 ہوگئی
EditorStaff Reporter
Nov 28, 2025 · 10:43 AM

سیکڑوں افراد تاحال لاپتہ
ہانگ کانگ کے علاقے تائی پو میں واقع وانگ فُک کورٹ کے رہائشی ٹاور بلاکس میں ایک المناک آگ نے تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 94 ہو گئی ہے اور فائر فائٹرز 270 سے زائد لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
حکام کے مطابق یہ ہانگ کانگ کی سات دہائیوں کی بدترین آتشزدگی ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق عمارتیں حال ہی میں وسیع پیمانے پر مرمت اور تعمیراتی کام کے مراحل سے گزر رہی تھیں، اور پولیس کا ماننا ہے کہ عمارتوں کی بیرونی جانب موجود تعمیراتی مواد نے آگ کو تیزی سے پھیلنے میں کردار ادا کیا۔
پولیس نے تین تعمیراتی کمپنیوں کے ایگزیکٹوز کو غفلت اور قتلِ خطا کے شبہے میں گرفتار کر لیا ہے، جبکہ ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو جان لی نے مکمل اور شفاف تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔
آگ گزشتہ روز لگی اور چند گھنٹوں میں شعلے آٹھ میں سے سات ٹاور بلاکس تک پھیل گئے۔ اس دوران 37 سالہ فائر فائٹر ہو وائی ہو اپنی جان گنوا بیٹھے، جبکہ 11 مزید فائر فائٹرز زخمی ہوئے۔ شدید حرارت، گرنے والا ملبہ اور کمزور اسکیف فولڈنگ نے ریسکیو آپریشن کو انتہائی مشکل بنا دیا، تاہم اب تک 55 افراد زندہ بچا لیے گئے ہیں اور 76 زخمی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
ریمارک نیوز کی اپ ڈیٹس واٹس ایپ پر حاصل کریںچینل فالو کرنے کے لیے کلک کریں
ADVERTISEMENT
