یو اے ای کے صدر کی وزیراعظم و فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے جہاں اُنہوں نے صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
نور خان ایئر بیس پر شاہی طیارے کے لینڈ کرتے ہی پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر طیاروں نے سلامی دی، مسلح افواج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور کابینہ کے ارکان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزرا میں اسحاق ڈار، خواجہ آصف، احسن اقبال، عطا تارڑ اور دیگر شامل تھے۔ یو اے ای صدر کے ساتھ اُن کا اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود تھا۔
بعد ازاں شیخ محمد بن زاید النہیان نے صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ تفصیلی گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا۔
ملاقات میں جاری تعاون کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل میں روابط کو مزید گہرا کرنے کے امکانات پر بات ہوئی۔ دونوں ممالک نے معاشی تعاون، سرمایہ کاری، توانائی، انفرااسٹرکچر، آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے فروغ کو اہم قرار دیا۔
