جدہ میں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول، فلمی ستاروں کے ریڈ کارپٹ پر جلوے

فلمی میلہ کب تک جاری رہے گا؟
سعودی عرب کے شہر جدہ میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا پانچواں ایڈیشن شروع ہوگیا ہے، جس میں دنیا بھر کے فلمی ستارے اور فلم ساز شریک ہیں۔ یہ فیسٹیول 4 سے 13 دسمبر تک جاری رہے گا اور 70 سے زائد ممالک کی 100 سے زیادہ فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔
افتتاحی تقریب جدہ کے تاریخی علاقے UNESCO ورلڈ ہیریٹیج سائٹ البلد میں منعقد ہوئی، سرخ قالین پر جلوہ گر ہونے والے عالمی ستاروں نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
تقریب میں ہالی ووڈ، بالی وڈ، یورپ، ایشیا اور عرب دنیا کے نامور فنکار شریک ہوئے، جن میں مائیکل کین، ایڈرین بروڈی، وِن ڈیزل، جیسیکا البا، اوما تھرمن، رِز احمد، اور کوئین لطیفہ شامل ہیں۔ بھارتی اداکارہ ایشوریہ رائے بچن نے بھی فیسٹیول میں شرکت کی۔
فیسٹیول میں 70 سے زائد ممالک کی 100 سے زیادہ فلمیں دکھائی جائیں گی، جن میں 38 عالمی پریمیئر بھی شامل ہیں۔ مرکزی مقابلے "ریڈ سی: کمپٹیشن" میں 16 فلمیں حصہ لے رہی ہیں، جن میں عرب دنیا، ایشیا اور افریقہ کی کہانیاں شامل ہیں۔ بہترین فلم کو یُسر ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔
افتتاحی فلم برطانوی ہدایتکار روون اتھالے کی "Giant" تھی، جو برطانوی-یمنی باکسر "پرنس" نسیم حمید کی زندگی پر مبنی ہے۔ اس فلم میں عامر المصری اور پیرس بروسنان نے اداکاری کی ہے۔
ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کو مشرقِ وسطیٰ کے سب سے بڑے فلمی میلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ یہ فیسٹیول سعودی عرب کی تیزی سے بڑھتی ہوئی فلمی صنعت کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ جدہ کے تاریخی ورثے اور عالمی سینما کے امتزاج نے اس ایونٹ کو نہ صرف ایک ثقافتی جشن بنایا بلکہ سعودی عرب کو عالمی فلمی نقشے پر مزید نمایاں کر دیا۔
