پاکستان نے غزہ میں فوجی دستے بھیجنے پر غور کی پیشکش کردی، امریکا نے کیا جواب دیا؟

مارکو روبیو کا انکشاف
واشنگٹن: امریکا نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان نے غزہ میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنے فوجی دستے بھیجنے پر غور کرنے کی پیشکش کی ہے، جس پر امریکی حکومت نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پاکستان سمیت کئی ممالک نے غزہ میں ممکنہ امن مشن کے حوالے سے سوالات اٹھائے ہیں اور ان کے جواب ملنے کے بعد تعاون پر غور کرنے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا پاکستان کی اس پیشکش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے کہ وہ غزہ امن منصوبے کا حصہ بننے یا کم از کم اس پر سنجیدگی سے غور کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق فی الحال بعض ممالک مزید وضاحت اور تفصیلات کے منتظر ہیں، جس کے بعد ہی کسی حتمی کردار پر بات ممکن ہو سکے گی۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ دنیا میں کئی ایسے ممالک موجود ہیں جو اس تنازع میں شامل تمام فریقوں کے لیے قابلِ قبول ہو سکتے ہیں اور جو مستقبل میں غزہ کے لیے قائم کی جانے والی ممکنہ استحکام فورس کا حصہ بننے کے خواہاں ہیں۔
