پاکستانیوں کیلئے بری خبر: برطانوی جامعات نے پاکستانی طلبہ کے داخلے بند کردیئے

پابندی کی بڑی وجہ سامنے آگئی
برطانیہ میں پاکستانی اور بنگلادیشی طلبہ کے لیے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ برطانیہ کی 9 یونیورسٹیوں نے دونوں ملکوں کے طلبہ کے داخلے عارضی طور پر بند کر دیے ہیں۔
ان یونیورسٹیوں میں یونیورسٹی آف چیسٹر، وولورہیمپٹن، ایسٹ لندن، سنڈر لینڈ، کوونٹری یونیورسٹی سمیت دیگر شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پاکستانی اور بنگلادیشی طلبہ کی جانب سے سیاسی پناہ کی درخواستوں میں اضافہ اس فیصلے کی بڑی وجہ بتایا جا رہا ہے۔
مزید بعض یونیورسٹیاں بھی ان ممالک کے طلبہ کے داخلے کے طریقہ کار میں تبدیلی پر غور کر رہی ہیں۔
برطانیہ کی بارڈر سیکیورٹی کی وزیر اینجلا ایگل نے کہا ہے کہ اسٹوڈنٹ ویزا کو برطانیہ میں رہنے کا ’’چھپا ہوا راستہ‘‘ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
گزشتہ ماہ سامنے آنے والی ایک رپورٹ کے مطابق، گزشتہ سال پاکستان سب سے زیادہ اسائلم درخواستیں دینے والے ممالک میں پہلے نمبر پر رہا۔
