سعودی عرب میں طوفانی بارشیں، نشیبی علاقے زیرِ آب، نظامِ زندگی درہم برہم،

متعدد عمارتوں کی چھتیں گر گئیں
سعودی عرب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی شدید بارشوں اور تیز ہواؤں نے معمولات زندگی درہم برہم کردیئے۔
شہر ینبع میں طوفانی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا، جب کہ تیز ہواؤں سے کئی عمارتوں کی چھتیں گر گئیں اور کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ گرنے والے ملبے نے متعدد گاڑیوں کو بھی متاثر کیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ طاقتور سسٹم اب دوسرے شہروں کی طرف بڑھ رہا ہے، جس کے باعث جدہ اور ربیغ میں تعلیمی ادارے آج بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق طلبہ اور اسکول اسٹاف کی حفاظت کے پیش نظر تمام کلاسز آن لائن ہوں گی۔
ادھر مدینہ منورہ اور اطراف کے علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ مسلسل بارش کے باعث نشیبی علاقے اور صحرائی وادیاں برساتی پانی سے بھر گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ موسم کی سنگینی کے پیش نظر لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
