برطانیہ اور یورپی یونین نے پاکستانی آئل ٹائیکون مرتضیٰ لاکھانی پر پابندیاں عائد کردیں

پابندی کی وجہ کیا بنی؟
لندن/یورپ: برطانیہ اور یورپی یونین نے کینیڈین‑پاکستانی آئل ٹائیکون مرتضیٰ لاکھانی سمیت متعدد افراد اور کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ لاکھانی پاکستان کے مشہور کاروباری خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور کینیڈا میں مقیم ہیں۔
مرتضی لاکھانی عالمی توانائی کے شعبے میں اپنی سرمایہ کاری اور روس کے ساتھ تیل کے کاروبار کی وجہ سے معروف ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ مرتضیٰ لاکھانی نے مبینہ طور پر روس کے توانائی شعبے کے ساتھ کاروبار کر کے ماسکو کو مالی فائدہ پہنچایا، جس کے پیش نظر ان کے اثاثے منجمد کیے گئے، کاروباری لین دین محدود ہوئے اور سفری پابندیاں نافذ کی گئیں۔
برطانیہ اور یورپی یونین کے اقدامات یوکرین تنازع کے پس منظر میں روس پر دباؤ بڑھانے کے لیے کیے گئے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پابندیاں مغربی ممالک کی جانب سے روس کی توانائی کی برآمدات محدود کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ مرتضیٰ لاکھانی نے الزامات کی تردید کی ہے اور ان کے وکلا نے قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دیا ہے۔
