آئین اور ملک توڑنے والوں کو کتنی سزا ملی؟ اچکزئی اور اختر مینگل کا عمران خان کی سزا پر ردعمل

’توشہ خانہ سے کیا بڑے لوگوں نے فائدہ حاصل نہیں کیا؟‘
اسلام آباد: اپوزیشن رہنما محمود خان اچکزئی اور اختر مینگل نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو توشہ خانہ ٹو کیس میں سزا پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں لوگوں کو اغوا کرنے اور ضمیر بیچنے کی کھلی آزادی ہے، توشہ خانہ سے کیا بڑے لوگوں نے فائدہ حاصل نہیں کیا؟
اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے صدر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آج قومی کانفرنس کا آغاز ہو رہا ہے، ایسے موقع پر خبر آ گئی کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو سزا ہوئی ہے۔ اس اقدام کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔ یہ کبھی بھی کسی کو پکڑ لیتے ہیں۔ یہاں لوگوں کو اغوا کرنے اور ضمیر بیچنے کی کھلی آزادی ہے، جرنیل کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔
اس موقع پر اختر مینگل نے کہا کہ ملک قانون اور آئین کی بالادستی ہوتی تو ہم یہاں نہ بیٹھے ہوتے، یہاں انصاف بالادست لوگوں کو ملتا ہے اور آئین طاقتور لوگوں کے لیے بنایا جاتا ہے۔ انصاف بندوق اور ڈنڈا رکھنے والوں کو ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور اس کی اہلیہ کو سزا دی گئی، اس فیصلے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ توشہ خانہ سے کیا بڑے لوگوں نے فائدہ حاصل نہیں کیا؟ بتایا جائے آئین اور ملک توڑنے والوں کو کتنی سزا ملی ہے؟ ملک اور آئین توڑنے والوں گارڈ آف آنر دیا گیا۔
