2025 میں کتنے لاکھ پاکستانی بیرونِ ممالک گئے؟ سب سے زیادہ کس ملک کا رخ کیا؟

اسلام آباد: سال 2025 میں بیرونِ ملک روزگار کی تلاش میں جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ بیورو آف امیگریشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2025 ء میں 7 لاکھ 62 ہزار 499 پاکستانی ملازمت کے لیے مختلف ممالک روانہ ہوئے، جبکہ 2024 میں یہ تعداد 7 لاکھ 27 ہزار 381 تھی۔
رپورٹ کے مطابق بیرونِ ملک جانے والوں میں بڑی تعداد مختلف پیشہ ور اور ہنر مند افراد کی ہے، سال 2025 کے دوران 5 ہزار 659 اکاؤنٹنٹس، 10 ہزار 503 باورچی، 3 ہزار 795 ڈاکٹر اور 5 ہزار 946 انجینئرز نے بیرونِ ملک ملازمت اختیار کی، اس کے علاوہ 1 ہزار 640 نرسز، 1 ہزار 725 اساتذہ، 6 ہزار 475 الیکٹریشن اور 1 لاکھ 63 ہزار 718 ڈرائیور بھی روزگار کے لیے ملک سے باہر گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق مزدور طبقہ سب سے نمایاں رہا، جہاں 4 لاکھ 65 ہزار 138 مزدور بیرونِ ملک روانہ ہوئے۔ اسی طرح 5 ہزار 700 مستری، 12 ہزار 703 ٹیکنیشنز، 11 ہزار 777 منیجرز، 2 ہزار 306 پلمبرز اور 2 ہزار 27 ویٹرز بھی بیرونِ ملک ملازمت کے حصول میں کامیاب ہوئے۔
تعلیمی اور مہارت کی بنیاد پر دیکھا جائے تو سال 2025 میں 18 ہزار 352 اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد، 13 ہزار 657 انتہائی ہنرمند اور 2 لاکھ 22 ہزار 171 ہنر مند افراد بیرونِ ملک گئے۔ جبکہ 42 ہزار 257 نیم ہنرمند اور 4 لاکھ 66 ہزار 62 غیر ہنرمند پاکستانی بھی روزگار کے لیے ملک سے باہر چلے گئے۔
ممالک کے لحاظ سے سب سے زیادہ پاکستانیوں نے سعودی عرب کا رخ کیا، جہاں 5 لاکھ 30 ہزار 256 افراد گئے۔ اس کے بعد قطر (68 ہزار 376)، متحدہ عرب امارات (52 ہزار 664)، بحرین (37 ہزار 726)، کویت (6 ہزار 590) اور جنوبی کوریا (39) شامل ہیں۔
یورپ اور دیگر ممالک میں بھی پاکستانی افرادی قوت کی مانگ برقرار رہی۔ رپورٹ کے مطابق امریکا میں 1005، برطانیہ میں 4 ہزار 355، جرمنی میں 984 اور اٹلی میں 813 پاکستانی ملازمت کے لیے گئے۔ اس کے علاوہ چین (2 ہزار 230)، جاپان (2 ہزار 210) اور رومانیہ (1 ہزار 109) بھی پاکستانی ورکرز کی اہم منزل رہے۔
اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیرونِ ملک پاکستانی افرادی قوت کی مانگ مسلسل بڑھ رہی ہے، جو ملکی معیشت کے لیے ترسیلاتِ زر کے حوالے سے اہم سمجھی جا رہی ہے۔
