انڈر 19 ایشیا کپ فائنل: سمیر منہاس کی بھارت کیخلاف 172رنز کی دھواں دار اننگز، چھکوں چوکوں کی بارش

پاکستان کا بھارت کو جیت کیلئے پہاڑ جتنا ہدف
انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے بڑا ہدف دے دیا۔
دبئی میں کھیلے جارہے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ گرین شرٹس نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز بنائے اور یوں بھارت کو فتح کے لیے 348 رنز کا ہدف ملا۔
پاکستان کی جانب سے سب سے شاندار کارکردگی نوجوان بیٹر سمیر
منہاس نے دکھائی، جنہوں نے صرف 71 گیندوں پر 103 رنز مکمل کیے اور مجموعی طور پر
17 چوکے اور 9 چھکوں کی مدد سے 172 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔
سمیر اس ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر بھی ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18 رنز بنائے، جبکہ محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستانی بیٹرز نے مجموعی طور پر 15چھکے اور 27چوکے مارے، جن میں 9چھکے اور 17چوکے صرف سمیر نے لگائے۔
بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ
کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے 2-2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے
فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ٹاس کے موقع پر آج بھی کپتانوں کا ہینڈ شیک نہیں
ہوا، ٹاس سے قبل ٹرافی کے ساتھ تصویر کے موقع پر بھی ہینڈ شیک نہیں ہوا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان دو مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ جیت چکا ہے، لیکن ابھی تک انڈر 19 ایشیا کپ کا فاتح نہیں بن سکا۔ 2012 میں پاکستان اور بھارت مشترکہ طور پر ایشیا کپ کے چیمپئن قرار دیے گئے تھے۔
