ریاستِ طیبہ اور ریاستِ پاکستان میں گہری مماثلت ہے، دونوں کلمۂ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہوئیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر

’اللہ نے محافظینِ حرمین کا شرف پاکستان کو عطا کیا‘
اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افغان طالبان کی پشت پناہی سے دہشت گردی کے ذریعے پاکستان میں معصوم شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے قومی علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جو اسلام آباد میں منعقد ہوئی،جبکہ کانفرنس میں ملک بھر سے تمام مکاتبِ فکر کے علماء اور مشائخ نے شرکت کی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں دہشت گردی، قومی سلامتی، پاکستان کے عالمی کردار، دفاعی تیاریوں اور علم کی اہمیت پر تفصیل سے بات کرتے ہوئے اور قرآنِ کریم کی آیات اور اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو اسلامی دنیا میں ایک خاص ذمہ داری عطا کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستِ طیبہ اور ریاستِ پاکستان میں گہری مماثلت ہے کیونکہ دونوں کا قیام کلمۂ طیبہ کی بنیاد پر اور رمضان کے بابرکت مہینے میں ہوا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمیں محافظِ حرمین کی ذمہ داری سونپی ہے اور آپریشن بنیان المرصوص میں اللہ کی مدد کو واضح طور پر محسوس کیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ کسی بھی اسلامی ریاست میں جہاد کا اعلان صرف ریاست ہی کر سکتی ہے، کوئی فرد یا گروہ ایسا کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ فتنہ الخوارج کا ساتھ دے گا یا پاکستان کا۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ وہ قومیں جو علم، فکر اور قلم کی طاقت کو چھوڑ دیتی ہیں، زوال کا شکار ہو جاتی ہیں۔
