اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار، مقبوضہ مغربی کنارے میں مزید یہودی بستیاں بنانے کی منظوری

مزید کتنی یہودی بستیاں بنائی جائیں گی؟
اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں مزید 19 نئی یہودی بستیوں کی تعمیر کی اجازت دے دی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اس فیصلے کے بعد پچھلے تین برسوں میں منظور
کی جانے والی بستیوں کی تعداد بڑھ کر 69 ہو گئی ہے۔ اسرائیل کے دائیں بازو کے وزیر
خزانہ بیزلیل اسموٹریچ نے بتایا کہ یہ منصوبہ وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے ساتھ مل
کر پیش کیا گیا اور اس کا مقصد ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کو روکنا ہے۔
اکتوبر 2023 سے غزہ میں جاری جنگ کے بعد مغربی کنارے میں تشدد
کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث خدشہ ہے کہ نئی آبادکاریاں اسرائیلی قبضے
کو مزید مضبوط کریں گی اور دو ریاستی حل کی راہ میں بڑی رکاوٹ بنیں گی۔
اقوام متحدہ اور عالمی برادری نے مغربی کنارے میں اسرائیلی
آبادکاری کو بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی مسلسل آبادکاری
پالیسی نہ صرف کشیدگی کو بڑھا رہی ہے بلکہ فلسطینیوں کی زمین تک رسائی محدود کر
رہی ہے اور ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔
