پی ٹی آئی نے 20 اور 21 دسمبر کو قومی کانفرنس کا اعلان کردیا

عمران خان کو کہیں اور منتقل کرنے کی کوششیں ملک کو انتشار کی طرف لے جا سکتی ہیں۔
اسلام آباد: قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اور پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر نے اعلان کیا ہے کہ وہ 20 اور 21 دسمبر کو ایک قومی کانفرنس منعقد کر رہے ہیں، جس میں تمام سیاسی جماعتیں، بار ایسوسی ایشن، سول سوسائٹی اور میڈیا کو مدعو کیا جائے گا تاکہ ایک مشترکہ قومی ایجنڈا تیار کیا جا سکے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ کل جو واقعہ ہوا اس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ عمران خان کو انصاف فراہم کیا جائے، ان کے کیسز میرٹ پر سنے جائیں اور حکومت کا کسی قسم کا اثر یا مداخلت ختم کی جائے۔ علاوہ ازیں، عمران خان کی اپنے خاندان اور سیاسی ساتھیوں سے ملاقاتیں بحال کی جائیں، جو کہ قانونی طور پر ان کا حق ہیں۔
سابق سپیکر نے کہا کہ ملاقاتیں قانونی دائرے میں ہیں، لیکن موجودہ حکومت آئین و قانون کی پاسداری نہیں کر رہی اور ہم اس رویے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
اسد قیصر نے عوام اور جمہوریت پسندوں سے اپیل کی کہ وہ اس جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے یا عمران خان کو کہیں اور منتقل کرنے کی افواہیں محض غلط فہمیاں ہیں اور ایسی کوششیں ملک کو انتشار کی طرف لے جا سکتی ہیں۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ آئین سب شہریوں کو پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے۔
