کرکٹر معین خان کے انتقال کی جعلی خبر، سندھ اسمبلی میں دعائے مغرت کی درخواست

رکن اسمبلی نے معذرت کرلی
کراچی: سوشل میڈیا پر سابق کرکٹر معین خان کے انتقال کی جعلی خبروں پر ایم کیو ایم رکن اسمبلی نے مغفرت کی دعا کی درخواست کرڈالی۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دعا سیشن کے دوران ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما صابر قائمخانی نے معین خان کے انتقال کی جعلی خبر پر مغفرت کی دعا کی د رخواست کی۔
ایوان میں موجود ارکان نے فوری طور پر انہیں روکتے ہوئے بتایا کہ کرکٹر معین خان کے انتقال کی خبر غلط ہے۔
اسپیکر نے بھی صابر قائم خانی کو غلط خبر کے بارے میں آگاہ کیا جس پر رکن اسمبلی نے اٹھ کر معذرت کی۔
کچھ روز قبل 54 سالہ سابق کپتان معین خان کے انتقال کی جھوٹی خبر سوشل میڈیا پر گردش کررہی تھی جس پر معین خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ بالکل خیریت سے ہیں۔
دراصل حیدرآباد کے ایک مقامی سابق کرکٹر معین خان راجپوت کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوا۔ تاہم سوشل میڈیا پر خبر سامنے آنے کے بعد شائقین کرکٹ معین خان راجپوت کو سابق وکٹ کیپر معین خان سمجھے۔
سوشل میڈیا پر خبریں گردش کررہی تھیں کہ سابق کرکٹر معین خان انتقال کر گئے ہیں۔
تاہم معین خان نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے ایسی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے ناراضی کا بھی اظہار کیا۔ معین خان نے انسٹاگرام پر ویڈیو اسٹوری اپ لوڈ کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج صبح سے میری صحت اور میرے انتقال کی ایک خبر گردش کررہی ہے۔ یہ جس نے بھی پوسٹ کی اس نے بڑی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے۔
معین خان نے کہا تھا کہ میں آپ سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ الحمداللہ میں خیریت سے ہوں اور اپنی زندگی انجوائے کررہا ہوں۔
