مراکش میں دو عمارتیں زمین بوس، 22 افراد ہلاک

مراکش کے تاریخی شہر فیس میں چار منزلہ دو رہائشی عمارتیں اچانک منہدم ہو گئیں، جس کے نتیجے میں کم از کم 22 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوئے ہیں۔
واقعے سے کچھ دیر قبل ایک عمارت میں ایک سماجی تقریب جاری تھی جبکہ دوسری عمارت خالی تھی۔ عمارتیں گرنے کے بعد گرد و نواح میں شدید خوف و حراس پھیل گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ عمارتوں میں رہائش پذیر کئی خاندان ملبے تلے پھنس گئے تھے۔ فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کر دی اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی حکام نے بتایا کہ عمارتیں کیوں گریں، اس کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمارتوں میں پہلے سے دراڑیں موجود تھیں، تاہم تصدیق کے لیے تفتیشی کارروائی جاری ہے۔
ملحقہ عمارتوں کو حفاظتی طور پر خالی کروا دیا گیا ہے تاکہ مزید کسی حادثے سے بچا جا سکے۔ مقامی حکام نے عوام سے کہا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں احتیاطی تدابیر اپنائیں۔
