پی ٹی آئی رہنما شہزاد اکبر اشتہاری قرار، وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم

کس مقدمے میں اشتہاری قرار دیا گیا؟
کراچی: پی ٹی آئی رہنما مرزا شہزاد اکبر کو اشتہاری قرار دے دیا گیا ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عباس شاہ عدالت نے مرزا شہزاد اکبر کو اشتہاری قرار دینے کا تحریری آڈر جاری کردیا۔
عدالت نے شہزاد اکبر کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا بھی حکم دے دیا۔
حکمنامے کے مطابق شہزاد اکبر متعدد بار طلب کرنے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے، شہزاد اکبر کیخلاف مقدمہ کا چالان بھی عدالت میں جمع کروایا جاچکا ہے۔
شہزاد اکبر کیخلاف ٹویٹر پر متنازعہ بیانات کی بنیاد پر مقدمہ درج ہے، این سی سی آئی اے نے شہزاد اکبر کیخلاف جولائی 2025 میں مقدمہ درج کیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان برطانیہ سے باضابطہ طور پر مرزا شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کا مطالبہ کر چکا ہے۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق جمعرات کو وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ایک ملاقات کے دوران دونوں افراد کی حوالگی سے متعلق دستاویزات پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ کے حوالے کیں۔
وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ برطانوی ہائی کمشنر کو وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے پراپیگنڈا کرنے والے پاکستانی شہریوں کے خلاف ٹھوس شواہد فراہم کیے۔
وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ ’آزادی اظہار پر پورا یقین رکھتے ہیں لیکن فیک نیوز ہر ملک کے لیے مسئلہ ہے۔ بیرون ملک بیٹھ کر ریاست اور اداروں کے خلاف بہتان تراشی اور ہرزہ سرائی کی کوئی ملک اجازت نہیں دے سکتا۔‘
