سوڈان میں فوجی طیارہ تباہ، تمام اہلکار جاں بحق

خوفناک حادثے کی وجہ کیا بنی؟
سوڈان کے مشرقی علاقے میں فوج کا مال بردار طیارہ الیوشین آئی ایل-76 حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں عملے کے تمام ارکان ہلاک ہوگئے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق سوڈان کے فوجی ذرائع نے بتایا کہ طیارے میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی تھی، جس کے باعث پائلٹ نے بحیرۂ احمر کے کنارے واقع پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی۔
فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مقام عثمان ڈیگنا فوجی مرکز کے قریب ہے، تاہم طیارہ لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا اور اس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔
سوڈانی فوج نے حادثے کی تصدیق تو کی ہے لیکن ہلاک ہونے والوں کی تعداد ظاہر نہیں کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز میں موجود اہلکاروں کی درست تعداد ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی۔
واضح رہے کہ آئی ایل-76، جو سوویت دور میں تیار کیا گیا تھا، طویل عرصے سے سوڈانی فوج کے زیرِ استعمال ہے اور بھاری سامان و اہلکاروں کی منتقلی کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے۔
