فوج کو غیر سیاسی انداز میں تنقید کا نشانہ بنانے والوں کا بھرپور جواب دینا ہوگا: بلاول بھٹو

’اداروں کو اپنے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا چاہیے‘
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کی ایک سیاسی جماعت نے قومی اداروں پر تنقید کرنا اور انہیں نشانہ بنانا معمول بنا لیا ہے۔ فوج کو غیر سیاسی انداز میں تنقید کا نشانہ بنانے والوں کا بھرپور جواب دینا ہوگا۔
گورنر ہاؤس پنجاب میں میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کو اپنے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا چاہیے اور سیاسی جماعتوں کو بھی اپنی سیاست سیاسی حدود کے اندر رہ کر کرنی چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جب سیاست اپنی حدود میں رہ کر کی جائے تو نہ جماعت کو خود مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور نہ ہی وہ دوسروں کے لیے مشکلات پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج کو غیر سیاسی انداز میں تنقید کا نشانہ بنانے والوں کا بھرپور جواب دینا ہوگا۔
گورنر ہاؤس میں پنجاب کے 70 سے زائد ٹکٹ ہولڈرز نے بلاول بھٹو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب کے آئندہ بلدیاتی انتخابات سمیت مختلف سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران دوست محمد کھوسہ نے اپنے حلقہ این اے 185 میں مبینہ دھاندلی سے متعلق بھی بلاول بھٹو کو آگاہ کیا۔
