ایران نے پرامن مظاہرین پر تشدد کیا تو امریکا خاموش نہیں رہے گا: ٹرمپ نے دھمکی دے دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ ایران نے پُرامن مظاہرین پر تشدد کیا تو امریکا مداخلت کرتے ہوئے مظاہرین کے بچاؤ کے لیے آگے آئے گا۔
صدر ٹرمپ نے یہ بیان اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری کیا۔ اپنے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران میں پُرامن مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا یا انہیں قتل کیا گیا تو امریکا خاموش نہیں رہے گا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا مظاہرین کو بچانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
واضح رہے کہ ایران میں گزشتہ کئی روز سے مہنگائی، معاشی دباؤ اور کرنسی کی قدر میں کمی کے خلاف مظاہرے جاری ہیں، جو بعض علاقوں میں پُرتشدد شکل اختیار کر چکے ہیں۔ گزشتہ روز سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ 30 مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان بیانات کی جنگ سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
