امریکا میں طیارہ تباہ، معروف موٹر اسپورٹس ریسنگ ڈرائیور سمیت 7 افراد جاں بحق

گریگ بفل اہل خانہ سمیت طیارے میں سوار تھے
امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا میں ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 7 افراد ہلاک ہو گئے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں معروف امریکی موٹر اسپورٹس ریسنگ ڈرائیور گریگ بفل بھی اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ شامل ہیں، جس پر کھیلوں اور عوامی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد تکنیکی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کیلئے واپس ہوائی اڈے کا رخ کیا، تاہم بدقسمتی سی لینڈنگ کے دوران طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، حادثے کے فوراً بعد طیارے میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جس نے جانی نقصان میں اضافہ کر دیا۔
واقعے کے بعد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، تاہم آگ کی شدت کے باعث تمام مسافروں کو بچانا ممکن نہ ہو سکا۔ حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
