سب کو مذہبی آزادی حاصل ہے، کسی کو مذہب کے نام پر من مانی کرنے نہیں دیں گے: شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے اور کسی کو من مانی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر اعظم ہاؤس میں کرسمس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے وزیر اعظم نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے انسانیت کے لیے خدمت اور خیر کا پیغام دیا اور قرآن کریم میں ان کی والدہ کا بلند مقام بیان کیا گیا ہے۔
شہباز شریف نے مسیحی برادری کے تاریخی اور مثبت کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کے لیے ہمیشہ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دور میں بھی اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کا ذکر کیا۔
وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں پاکستان کے مسیحی شہدا کو سلام پیش کیا اور کہا کہ وطن پر قربانی دینے والے مسیحی بھائیوں کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ مئی میں افواج پاکستان نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں دشمن کے چھکے چھڑا دیئے، ایئر مارشل کی قیادت میں پاک فضائیہ نے بھارت کے 7 جہاز گرائے۔
قبل ازیں کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری سمیت تمام اہل وطن کو تہوار کی خوشیاں مبارک پیش کیں اور دعا کی کہ یہ کرسمس ملک میں امن، استحکام اور خوشحالی لے کر آئے۔
