نیویارک کے پہلے مسلم میئر ظہران ممدانی نے قرآن پاک پر عہدے کا حلف اٹھا لیا

نیوریاک کے پہلے مسلم میئر نے تاریخ رقم کردی
نیویارک شہر کے 34 سالہ نو منتخب میئر ظہران ممدانی نے یکم جنوری 2026 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، یہ تقریب آدھی شب کو مانی ہٹن کے پرانے سٹی ہال سب وے اسٹیشن میں نجی طور پر منعقد ہوئی، جس میں ان کے والدین اور قریبی رشتہ دار بھی موجود تھے۔
ممدانی نے قرآنِ مجید پر ہاتھ رکھ کر حلف لیا، جو نیو یارک شہر کے میئر کی تاریخ میں پہلی بار ہوا، اس اقدام کو نہ صرف مذہبی لحاظ سے بلکہ ثقافتی اور سیاسی لحاظ سے تاریخی لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔
تقریب کے بعد ممدانی نے کہا "یہ میرے لیے زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ اس مقام کا انتخاب اس بات کی علامت ہے کہ نیو یارک کے لوگ عوامی خدمت اور شہری حقوق کو اہمیت دیتے ہیں۔"
آج دوپہر شہر ہال کے سامنے ایک عوامی حلف برداری کی تقریب بھی ہوگی، جس میں سینئر رہنما اور سیاستدان شریک ہوں گے۔
ظہران ممدانی ڈیموکریٹک سوشلسٹ ہیں اور حال ہی میں نیو یارک اسٹیٹ اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں۔ وہ نیو یارک کے پہلے مسلم، جنوبی ایشیائی اور افریقہ میں پیدا ہونے والے میئر ہیں، ان کے انتخابی منشور میں رہائشی قیمتوں میں کمی، مفت پبلک ٹرانسپورٹ اور مزدوروں کے حقوق کی حفاظت شامل تھی، جو ان کی ترجیحات کی عکاسی کرتا ہے۔
اس حلف برداری سے نیو یارک کی سیاست میں ایک نیا باب کھل گیا ہے اور یہ شہر کے تاریخی اور متنوع معاشرتی منظر نامے میں ایک اہم سنگ میل کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
