سائنس اینڈ ٹیکنالوجی
دبئی کا انوکھا کارنامہ: سالِ قیام کے مساوی وزن والی چاندی کی اینٹ کی تیاری
EditorStaff Reporter
Nov 28, 2025 · 10:31 AM

دیوقامت چاندی کی اینٹ کی رونمائی کے بعد دنیا حیران رہ
متحدہ عرب امارات نے ایک بار پھر دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔ دبئی ملٹی کموڈٹیز سینٹر (DMCC) نے دنیا کی سب سے بڑی چاندی کی اینٹ کی نقاب کشائی کرتے ہوئے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔
یہ دیوقامت چاندی کی اینٹ 1,971 کلوگرام وزنی ہے، جو نہ صرف اپنے حجم میں منفرد ہے بلکہ یو اے ای کے قیام کے سال 1971 کی علامتی نمائندگی بھی کرتی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ تاریخی تقریب 24 نومبر کو دبئی پریشیس میٹلز کانفرنس کے دوران منعقد ہوئی، جس میں دنیا بھر سے قیمتی دھاتوں کے ماہرین، سرمایہ کار اور بین الاقوامی نمائندگان نے شرکت کی۔
ڈی ایم سی سی کے ایگزیکٹو چیئرمین اور سی ای او احمد بن سلیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے 13ویں ایڈیشن میں نمایاں سنگ میل عبور کیے گئے، جن میں سب سے قابلِ ذکر یہ عظیم چاندی کی اینٹ ہے، جو 1.3 میٹر لمبائی کے ساتھ اپنی مثال آپ ہے۔
حکام کے مطابق یہ اینگوٹ نہ صرف متحدہ عرب امارات کی تاسیس کی یادگار ہے بلکہ ملک کی جدت، اعلیٰ کاریگری اور عالمی معاشی اثر و رسوخ کا بھی مضبوط ثبوت ہے۔
دبئی کی اس پیش رفت نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ امارات اختراع اور عالمی معیار میں اپنی برتری برقرار رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔
