روس اور یوکرین جنگ کیسے ختم ہوگی؟ امریکی وزیر خارجہ کا بیان

یہ جنگ ہماری نہیں
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ امریکہ یہ جاننے کی کوشش کر رہا ہے کہ روس اور یوکرین کس نکتے پر متفق ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق کچھ پیش رفت ضرور ہوئی ہے، لیکن ابھی کوئی حتمی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔
مارکو روبیو نے اس سوچ کو غیر منطقی قرار دیا کہ امریکہ کو ماسکو سے بات نہیں کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کو روس سے بات کیے بغیر ختم نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ کے لیے یہ حقیقت پسندانہ نہیں ہوگا کہ وہ یوکرین کو جنگ کے دوران مسلسل اور لامحدود فنڈنگ فراہم کرتا رہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اس جنگ کا حتمی فیصلہ یوکرین اور روس کے ہاتھ میں ہے۔ "یہ ہماری جنگ نہیں ہے، ہم اس میں براہِ راست شریک نہیں ہیں۔"
ادھر ماسکو میں ہونے والے حالیہ امن مذاکرات پر نیٹو ممالک اور روس کی جانب سے بیانات سامنے آئے ہیں، تاہم امریکہ نے اس ملاقات پر تاحال اپنا مؤقف ظاہر نہیں کیا۔
آج صبح برسلز میں ہونے والے نیٹو اجلاس میں مارکو روبیو شریک نہیں ہوئے، ان کی جگہ نائب وزیر خارجہ کرسٹوفر لینڈاؤ نے اجلاس میں شرکت کی۔
