خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے پہاڑ برف سے ڈھک گئے، سردی کی شدت میں اضافہ

خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے اور کئی مقامات پر درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع دیر میں سیاح بڑی تعداد میں برفباری سے لطف اندوز ہونے کے لیے لواری ٹنل کی جانب پہنچ گئے ہیں۔
سوات، کالام، مالم جبہ اور گردونواح کے پہاڑی علاقوں میں برف پڑنے کے بعد ہر طرف سفیدی چھا گئی ہے، جس سے مناظر دیدنی ہو گئے ہیں۔
ایبٹ آباد اور گلیات کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ پشاور سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی بادل برسنے سے موسم سرد اور خوشگوار ہو گیا ہے۔
آزاد کشمیر کی وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں وادیاں برف سے ڈھک گئی ہیں۔ اپر نیلم، اڑنگ کیل اور قریبی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کے شہر چلاس کے بالائی مقامات پر گزشتہ رات سے برفباری ہو رہی ہے، جس کے باعث سردی میں مزید اضافہ اور معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
