’اسٹنگ‘ کی پیکجنگ کی نقل کرنے پر میزان بیوریجز پر کروڑوں کا جرمانہ

صارفین کو گمراہ کرنے کا الزام ثابت
کراچی: سال 2026 میں کمپٹیشن کمیشن کا پہلا بڑا جرمانہ، کئی سال سے زیر التوا انرجی ڈرنک کیس کا فیصلہ سنا دیا۔
کمپٹیشن کمیشن نے میزان بیوریجز پر پیپسی کے برانڈ ’اسٹنگ‘ کی نقل کرنے پر 15 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔ فیصلے کے مطابق میزان بیوریجز صارفین کو گمراہ کرنے کی مرتکب پائی گئی۔ انرجی ڈرنک ’اسٹورم‘ نے ’اسٹنگ‘ کی پیکجنگ اور مجموعی انداز کی نقل کی، جبکہ رنگ، بوتل، تحریر اور ڈیزائن کی نقل سے صارفین کو گمراہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں پیپسی کولا کی شکایت پر انکوائری کا آغاز کیا گیا تھا۔
سی سی پی کے مطابق میزان نے ’اسٹنگ‘ کی شہرت سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، تاہم میزان نے عدالتی کارروائیوں، اسٹے سے لے کر انکوائری تک ہر مرحلے میں تاخیر کی گئی۔ ٹریڈ مارک رجسٹریشن کمپٹیشن قانون سے استثنیٰ فراہم نہیں کرتی، جبکہ معروف برانڈز کی نقل کمپٹیشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔ گمراہ کن پیکجنگ اور کاپی کیٹ برانڈنگ پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
