نیشنل
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا سہیل آفریدی سے ملنے سے انکار
EditorStaff Reporter
Nov 28, 2025 · 11:24 AM

وزیراعلیٰ کے پی نے آئندہ کی حکمت عملی بتا دی
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی سے ملنے سے انکار کردیا۔
نجی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق رات بھر اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا دینے کے بعد وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے مگر ان کی چیف جسٹس سرفراز ڈوگر سے ملاقات نہیں ہوسکی۔
چیف جسٹس سے ملاقات نہ ہونے پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، علیمہ خان اور وکلا چیف جسٹس کے سیکرٹری کے آفس سے واپس روانہ ہوگئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ ہماری شنوائی نہیں ہوئی، ہمیں چیف جسٹس کی طرف سے پیغام ملا کہ میں آپ سےنہیں مل سکتا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے آج نہ قومی اسمبلی نہ سینیٹ اجلاس چلنے دیں گے جب کہ آئندہ منگل کو ہائیکورٹ کے باہر بھی اور اڈیالہ جیل کے باہربھی اکٹھے ہوں گے۔
اس حوالے سے خیبرپختون خواہ کے ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ کے پی سے ملنےسےانکارکردیا ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کسی سے ملاقات نہیں کر رہے۔ چیف جسٹس نے نہ تو ایڈووکیٹ جنرل اور نہ کسی وکیل سے ملاقات کی۔
دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا کہ بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے عدالتوں کے احکامات پر عمل نہیں ہو رہا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان نے مذاکرات کا اختیار محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دے دیا ہے، سیاسی مسائل کا سیاسی حل ڈھونڈنا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے اِن کے تحفظات ہیں، بانی سے 4 نومبر کو آخری ملاقات ہوئی تھی۔
