خبردار!2026 گرم ترین سال ہوگا، موسمیاتی بحران مزید سنگین ہونے کا خطرہ

لندن: برطانیہ کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 2026ء کے دوران عالمی درجۂ حرارت صنعتی انقلاب سے پہلے کے مقابلے میں 1 اعشاریہ 4 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ مسلسل بڑھتی ہوئی گرمی عالمی ماحولیاتی تبدیلی کے خطرناک اثرات کی واضح علامت ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی ہے کہ 2026دنیا کے گرم ترین برسوں میں شامل ہو سکتا ہے اور یہ لگاتار چوتھا سال ہوگا جب عالمی درجۂ حرارت غیر معمولی حد تک بلند رہے گا۔
ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ گرین ہاؤس گیسوں کے بڑھتے ہوئے اخراج اور انسانی سرگرمیوں کے باعث زمین کا درجۂ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر درجۂ حرارت میں اضافہ اسی رفتار سے جاری رہا تو دنیا پیرس ماحولیاتی معاہدے میں طے کردہ ایک اعشاریہ پانچ ڈگری کی حد کے خطرناک حد تک قریب پہنچ جائے گی، اس صورتحال کے نتیجے میں شدید گرمی کی لہریں، خشک سالی، جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات اور سیلاب جیسے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے سائنس دانوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کاربن کے اخراج میں فوری کمی، قابلِ تجدید توانائی کے فروغ اور ماحول دوست پالیسیوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے، ورنہ آنے والے برسوں میں موسمیاتی بحران مزید سنگین شکل اختیار کر سکتا ہے۔
