طورخم اور چمن بارڈر پر کارگو کی ترسیل بحال کرنے کا حکم

کنٹینرز کی کلئیرنس اور ترسیل فوری ہوگی
وفاقی وزارت تجارت نے وزارت خارجہ کی مشاورت سے طورخم اور چمن بارڈر پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کارگو کی ترسیل بحال کرنے کا حکم جاری کردیا۔
اس سلسلے میں ممبر کسٹم ایف بی آر اور ڈائریکٹر جنرل ٹرانزٹ کو ہدایات دی گئی ہیں جبکہ طورخم کسٹم حکام کو بھی حکم نامہ موصول ہوگیا ہے۔
وزارت تجارت کے مطابق اقوام متحدہ کے اداروں یونیسف، ورلڈ فوڈ پروگرام WFPاور یو این ایف پی اے UNFPAکے امدادی سامان پر مشتمل کنٹینرز مرحلہ وار کلئیرنس کے عمل سے گزریں گے۔
پہلے مرحلے میں خوراک لے جانے والے کنٹینرز کی کلئیرنس ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں ادویات اور طبی آلات پر مشتمل کنٹینرز کو کلیئر کیا جائے گا۔ تیسرے مرحلے میں دیگر ضروری اشیاء بشمول طلباء و اساتذہ کے لیے کٹس کی ترسیل کی اجازت دی جائے گی۔
وزارت تجارت کے مطابق امدادی سامان میں یونیسف کے 74، WFP کے 67 اور UNFPA کے 2 کنٹینرز شامل ہیں۔ ایف بی آر اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹرانزٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کنٹینرز کی کلئیرنس اور ترسیل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
