راولپنڈی سے اغوا ہونے والی لڑکی دبئی کیسے پہنچ گئی؟ نئے انکشاف نے پولیس حکام کی دوڑیں لگا دیں

اغواکاروں کا لڑکی کے ورثا سے ٹیلیفونک رابطہ
راولپنڈی میں ایک 20 سالہ لڑکی کے اغوا کا معاملہ اس وقت مزید پراسرار ہو گیا جب تفتیش کے دوران اس کے دبئی پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئیں، جبکہ اغواکاروں کی جانب سے اہلِ خانہ سے دو کروڑ روپے تاوان بھی طلب کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق تھانہ چکلالہ کی حدود میں واقع افضل ٹاؤن سے تعلق رکھنے والی لڑکی 30 دسمبر کو میڈیکل اسٹور جانے کے لیے گھر سے نکلی تھی، تاہم واپس نہ لوٹی، کافی دیر گزرنے پر اہلِ خانہ نے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو اس کا موبائل فون بند ملا، تلاش کے باوجود کوئی سراغ نہ مل سکا۔
بعدازاں اہلِ خانہ کو لڑکی کے واٹس ایپ نمبر سے ایک پیغام موصول ہوا، جس میں ایک نامعلوم شخص پشتو زبان میں بات کر رہا تھا، پیغام میں تین دن کے اندر دو کروڑ روپے تاوان ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور رقم نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی بھی دی گئی۔
مغوی لڑکی کے بھائی کی مدعیت میں اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج ہے، ابتدائی تحقیقات کے دوران حیران کن طور پر یہ انکشاف ہوا کہ لڑکی پاکستان سے دبئی جا چکی ہے، جس کے بعد کیس نے نیا رخ اختیار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل چھان بین کے لیے ایف آئی اے امیگریشن سے رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ لڑکی کی ٹریول ہسٹری اور بیرونِ ملک روانگی کی تفصیلات حاصل کی جا سکیں۔
حکام کے مطابق تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور اصل حقائق سامنے لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
